ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ناگوار امیں بی ڈی اے کی انہدامی مہم سے متعدد خاندان بے گھر،فوری باز آباد کاری اقدامات کامطالبہ، احتجاج کرنے جے ڈی ایس کا اعلان

ناگوار امیں بی ڈی اے کی انہدامی مہم سے متعدد خاندان بے گھر،فوری باز آباد کاری اقدامات کامطالبہ، احتجاج کرنے جے ڈی ایس کا اعلان

Sat, 27 May 2017 10:28:15    S.O. News Service

بنگلورو،26؍مئی(ایس او نیوز) رمضان المبارک کی شروعات سے عین قبل غیر قانونی تعمیرات کے انہدام کی آڑ میں بی ڈی اے نے شہر کے ناگوارا وارڈ میں آنے والے مسجد عمر بن خطاب کے عقب میں تقریباً ایک سو سے زائد دکانوں اور مکانات کو بغیر پیشگی اطلاع کے منہدم کردیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اس علاقہ میں پچھلے 25تا 30 سال سے آباد ہیں، اس عرصہ کے دوران کبھی ان سے بی ڈی اے یا کسی سرکاری افسر یا دیگر حکام کی طرف سے رابطہ نہیں کیا گیا اور یہ نہیں بتایاگیا کہ ان کے مکانات جس زمین پر آباد ہیں وہ بی ڈی اے یا کسی سرکاری ایجنسی کی ملکیت ہیں۔ کل رات اچانک مقامی پولیس کی مدد سے بی ڈی اے کے افسران نے انہدامی مشینوں کے ساتھ اس علاقہ پر دھاوا بولدیا۔کچھ مقامی لوگوں نے بتایاکہ چونکہ یہ سرکاری زمین ہے واقفیت کے باوجود بھی بعض لوگوں نے اس پر تعمیرات کھڑی کیں اور بھاری پیشگی رقومات کے عوض ان تعمیرات کو کرایوں پر دے دیا۔ان میں سے بڑی تعداد میں شیڈ بنوائے گئے تھے۔انہدامی کارروائی سے متاثر ہونے والوں کا دعویٰ ہے کہ بی ڈی اے افسران نے پیشگی اطلاع دی اور نہ انہدامی مہم کے دوران ایسے کوئی دستاویزات دکھائے جن سے یہ ثابت ہوسکے کہ یہ سرکاری املاک ہے۔پچھلے 25 سال سے یہ لوگ اس زمین پر آباد ہیں، بیسکام نے انہیں باقاعدہ بجلی کے کنکشن دئے ہیں، بی ڈبلیو ایس ایس بی کی طرف سے پانی مہیاکرایاجارہا ہے۔ صرف انہی کے مکانات غیر قانونی کیسے ہوگئے۔ انہوں نے رمضان کے آغاز سے عین قبل اس طرح کی انہدامی کارروائی کو سراسر زیادتی قرار دیا۔ سینئر جنتادل (ایس) لیڈر انور شریف نے انہدامی مہم کے بعد علاقہ کا معائنہ کیا اور اس سلسلے میں بی ڈی اے حکام سے گذارش کی کہ بغیر اطلاع کے کی گئی انہدامی مہم کوروک دیا جائے ۔سرکاری املاک اگر ہے تو اسے بحال کرنے کیلئے قانونی طریقۂ کار اپنایا جائے۔ انہوں نے اس انہدامی کارروائی کو مقامی لوگوں پر زیادتی قرار دیا اور کہاکہ بی ڈی اے کی طرف سے اگر یہ انہدامی کارروائی روکی نہیں گئی تو کل سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی کی قیادت میں علاقہ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بی ڈی اے حکام کی طرف سے مقامی باشندوں کو پیشگی اطلاع کے بغیر کی گئی انہدامی کارروائی سراسر ظلم ہے۔اس کے خلاف بڑے پیمانے پر آواز اٹھائی جائے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ انہدامی کارروائی میں بیشتر اقلیتی طبقے کی املاک کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، یہاں تک کہ انہدامی مہم کے دوران عملے نے گھروں میں گھس کر ٹی وی اور دیگر الیکٹرانک آلات بھی بے رحمی سے توڑ پھوڑ دئے ہیں۔اس انہدامی مہم کی وجہ سے متعدد خاندان سڑکوں پر آچکے ہیں۔ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ فوری طور پر ان خاندانوں کی باز آباد کاری کیلئے ضروری قدم اٹھائے۔ 


Share: